ریڈ لائن منصوبے پر کام روزانہ بنیاد پر رپورٹ طلب

 ریڈ لائن منصوبے  پر  کام  روزانہ  بنیاد  پر  رپورٹ  طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کے دو الگ الگ اجلاس ہوئے ۔ اجلاس میں ریڈ لائن کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو، بائیو گیس، ڈپوز پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے ریڈ لائن کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو، بائیو گیس، ڈیپوز پر جاری کام میں تیزی لانے اور دن رات کام کرنے اور کام کی پیش رفت جانچنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دینے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آر ٹیز منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، بی آر ٹیز پر کام میں تیزی لائی جائے ، دن رات الگ الگ شفٹوں میں کام کرکے بی آر ٹیز کی فوری تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹیز پر کام کی فوری تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دیں، ریڈ لائن کے ڈیپوز کی تیاری کے کام میں بھی تیزی لائی جائے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے کام میں تاخیر کے اسباب کا فوری نشاندہی کے طور پر سدباب لاکر کام قبل از وقت مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے ، کام کی معیار میں کسی بھی قسم کے کمی کوتاہی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹیز پر کام میں مزید تیزی لائی جائے ، حکومت چاہتی ہے کہ عوام جلد از جلد بی آر ٹیز سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاسوں میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو، ٹرانس کراچی کے حکام، کنٹریکٹرز اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں