تنخواہ کی عدم ادائیگی پرسی ای اوکے قتل کا مقدمہ درج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارع فیصل پر واقع نجی سافٹ ویئر ہاؤس میں تنخواہ نہ ملنے پر کمپنی کے سی ای او کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کرنے کے واقعہ کا مقتول کے بھائی کی مدعیت میں گرفتار ملزم کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی شب شارع فیصل کاوش کراؤن پلازہ کی چوتھی منزل پر واقع نجی سافٹ ویئر ہاؤس میں تنخواہ نہ ملنے پر کمپنی کے سی ای او نوید خان کو تیز دھار آلہ کے پے درپے وار کرکے قتل کرنے کے واقعہ کا مقدمہ مقتول کے بھائی امتیاز خان کی مدعیت میں گرفتار ملزم شعیب خان کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں درج کرلیا گیا۔ایس ایچ او ٹیپو سلطان طارق محمود کے مطابق ملزم کوموقع پر سے گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا تھا، گرفتار ملزم گزشتہ 8 ماہ سے مذکورہ کمپنی میں بحیثیت ڈیولپر ملازمت کررہا تھا۔گرفتار ملزم کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے تھی اور گرفتار ملزم کو گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، پیر کو گرفتار ملزم نے تنخواہ نہ ملنے پرتلخ کلامی کے بعد کمپنی کے سی ای او نوید خان کو تیزدھار آلہ کے وار کرکے شدید زخمی کیا تھا، شدید زخمی کمپنی کے سی ای او کواسپتال کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ گرفتار ملزم کے مطابق اس کے والد بیمار تھے اور پیسوں کی ضرورت تھی گرفتار ملزم کی نفسیاتی مسائل سے دوچار تھا اورنفسیاتی ڈاکٹر کے پاس چیک اپ کے لیے بھی جاتا تھا۔ایس ایچ او نے بتایاکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔