مادر ملت فاطمہ جناح قوم کیلئے مثالی نمونہ ، میئر مرتضیٰ وہاب

مادر ملت فاطمہ جناح قوم کیلئے مثالی نمونہ ، میئر مرتضیٰ وہاب

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 131 ویں یوم ولادت پر اپنے ایک بیان میں انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ۔۔

کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح پاکستانی قوم کیلئے ایک مثالی نمونہ ہیں، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی ملک و قوم کے لئے خدمات بے مثال ہیں، قیام پاکستان کی جدوجہد میں مادر ملت نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا اور قیام پاکستان کے خواب کی تعبیر کو پانے کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کردی، ان کے اس عظیم کردار نے ہماری قوم پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور ہم مادر ملت فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرتے ہیں،مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح 25 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح کے اعزاز میں دیے گئے شہری استقبالیے میں قائداعظم کے ہمراہ کے ایم سی بلڈنگ تشریف لائی تھیں جو ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ محترمہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ہمدردی ،انصاف اور مساوات کے نظریات کے لئے غیر متزلزل عزم کی علامت بھی تھیں،آج ہم اس عظیم خاتون کا یوم پیدائش منا رہے ہیں جس نے ایک سرکردہ رہنماء، پرجوش سیاسی کارکن اور خواتین کے حقوق کے لئے ایک سرشار وکیل کے طور پر پاکستان کے سماجی و سیاسی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں