بارشوں نے قلعی کھول دی : گلی محلوں کا 80 فیصد انفراسٹرکچر تباہ

بارشوں  نے  قلعی  کھول  دی  :  گلی  محلوں  کا 80 فیصد  انفراسٹرکچر  تباہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کر اچی میں بارشوں کے بعد شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہو کررہ گیا ہے ۔

تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے ، گلی محلوں کا 80 فیصد سے زائد انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہو گئی ہیں جبکہ ان میں جگہ جگہ بڑے گڑھے پڑے ہو ئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی آمدورفت ایک مشکل ترین مرحلہ بن چکا ہے ۔رامسوامی ، رنچھولائن ،لائنز ایریا ،پی آئی بی کالونی ،ناتھا خان گوٹھ ،شاہ فیصل کالونی کی اندرونی گلیوں میں سڑکیں نام کی چیز نہیں رہی، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہیں بقیہ کسر سیوریج کے پانی نے پوری کردی ہے ، یہی صورتحال لیاری کیماڑی ،بلدیہ ٹاؤن ، اورنگی ٹاؤن کی ہے جہاں گلیوں کا انفرااسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ۔اسی طرح ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد کی گلیوں کا حال بھی انتہائی خراب ہے جہاں سے آمدورفت مشکل ترین مرحلہ بن چکی ہے ، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاک ، 8،9، 14،15، 16 سمیت دیگر علاقوں گلیاں تباہی کا منظر پیش کر رہی ہے ، سڑک نام کا تصور ہی ختم ہو گیا ہے اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں گڑھوں میں برساتی پانی جمع ہے۔ گلشن اقبال کا حال بھی ان علاقوں سے مختلف نہیں ہے ، 13 ڈی ، 13ڈی ون ، ٹو تھری کے علاقے توگاؤں دیہات کا منظر پیش کررہے ہیں، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ، جگہ جگہ پڑے گڑھوں میں برساتی پانی جمع ہے اور اس پر کچروں کے ڈھیر لگے ہو ئے جس سے تعفن اٹھ رہا ہے ۔گلشن اقبال کے مختلف بلاکس کی اندورنی گلیوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ٹاؤن انتظامیہ کی ہے لیکن شہر کے کسی بھی ٹاؤن میں کو ئی کام ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ اسی طرح محمود آباد، کورنگی لانڈھی ، ملیر ، سرجانی ٹاؤن ، نیوکراچی ، نارتھ کراچی کی گلیوں محلوں کا بنیادی انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر قابل استعمال نہیں رہا لیکن شہریوں کی مشکلا ت کو حل کرنے کے لیے کو ئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں