سندھ حکومت کا متوسط طبقہ کیلئے سستی بستی منصوبے کا اعلان

سندھ حکومت کا متوسط طبقہ کیلئے سستی بستی منصوبے کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے متوسط طبقہ کیلئے سستی بستی منصوبے اعلان کردیا۔وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی، لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم نے جمعرات کو ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی کے سالانہ بجٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سستی بستی پروجیکٹ کا مقصد متوسط طبقے کو اپنا گھر فراہم کرنا ہے ۔

صوبائی مشیرسید نجمی عالم نے کہا کہ ہم نے سندھ کے غریب عوام کیلئے اپنے گھر بنانے کیلئے سستی بستی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ہم نے سندھ کی کچی آبادیوں میں تجاوزات ہٹانے کیلئے ڈیمالیشن اسکواڈز بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ کے ضرورت مند متاثرین کو گھر دینے کے منصوبے کو سستی بستی کا نام دیا ہے اور یہ منصوبہ ہماری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق ہے ۔اجلاس میں سالانہ بجٹ کی منظوری کے ساتھ گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی اراکین محمد یوسف بلوچ، عروبہ ربانی، میئر حیدرآباد کاشف شورو، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان شیخ، سیکریٹری و ڈائریکٹر جنرل ہیومن سیٹلمنٹ شارق احمد، چیف انجینئر کاشف خان، ریجنل ڈائریکٹر بلال شیخ سمیت گورننگ باڈی کے اراکین نے شرکت کی۔سید نجمی عالم نے ایک اور اجلاس میں کہا کہ ہمیں سندھ کے غریب عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے جس کیلئے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران اور ڈاکٹرز کواپنی خدمات صرف ان کیلئے وقف کرنا ہونگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں