مویشیوں کی خوراک کی آڑ میں سویابین آئل اور آٹا درآمد کرنے کی کوشش ناکام
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کسٹمز نے مویشیوں کی خوراک کی آڑ میں سویابین آئل اور سویابین آٹا درآمد کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ درآمدکنندہ کمپنی سویابین مصنوعات کی مس ڈیکلریشن کرکے ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں تین کروڑ 50 لاکھ روپے کی چوری کرنے کی کوشش کررہی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ کسٹمز اپریزمنٹ ایس اے پی ٹی کلکٹریٹ نے ایک ہی کمپنی کے مالک کے خلاف دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کردیئے ہیں۔کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے موزمبیق سے سویا بین کا آئل اور نائیجیریا سے سویا بین کا آٹا درآمد کیا ہے جبکہ اس سامان کو ’’مویشیوں کے کھانے کے لیے اناج کی باقیات‘‘ قرار دیا گیا تھا۔جس کے نتیجے میں حکومت کو محصولات کی مد میں بھاری نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔پہلے معاملے میں موزمبیق سے درآمدات کو شامل کرتے ہوئے کمپنی نے ڈیوٹی و ٹیکس کی مد میں مبینہ طور پر تقریباً 1کروڑ 99لاکھ روپے کی چوری کی جبکہ اس کنسائمنٹ کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 3کروڑ 6لاکھ 91ہزار روپے لگایا گیا ہے جبکہ نائیجیریا سے 69لاکھ 60ہزار روپے مالیت کا سویابین آٹا درآمد کیا گیا جس پر ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں 2کروڑ 44 لاکھ 7ہزار روپے کی چوری کی گئی۔تحقیقات کے دوران متعلقہ شپنگ لائن کی جانب سے بھی مذکورہ کنسائمنٹس کے ایکسپورٹ ڈیکلریشنز اور کنٹینر ٹریکنگ انفارمیشن سے بھی حکام کو قیمتوں سے متعلق آگاہی ہوئی۔حکام کا کہنا ہے کہ درآمدکنندہ کمپنی کے مالک کی گرفتاری اور سہولت کار کا تعین کیا جارہا ہے ۔