اوباڑو میں ڈاکوؤں نے مغوی کو زنجیروں میں جکڑ کر لٹکا دیا

 اوباڑو میں ڈاکوؤں نے مغوی کو زنجیروں میں جکڑ کر لٹکا دیا

اوباڑو (نمائندگان دنیا)اوباڑو کے کچے کے علاقے میں ڈاکو حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے لگے ۔ ڈاکوؤں نے اپنی ہی عدالت لگادی ،اغوا ہونے والے مغوی کو زنجیروں میں جکڑ کر درخت کے ساتھ لٹکا دیا اور انسانیت سوز تشدد کی ویڈیو جاری کردی ۔

پولیس کے مطابق اطہر مارواڑی کو تین روز قبل تھانہ آندل سندرانی کی حدود سے اغوا کیا گیا تھاجب کہ ضلع بھر سے مغویوں کی تعداد چار ہوگئی ہے ، دو کا تعلق کھمبڑا ، ایک کا کراچی سے بتایا گیا ہے ، اغوا ہونے والوں میں عبدالطیف ،عبدالوحید مستوئی اور علم دین مغل شامل ہیں۔ جیکب آباد پولیس کی کامیاب کارروائی،31 جولائی کو اغوا ہونے والے صدام حسین ولد بابو بھٹی کو بازیاب کرلیا گیا،مغوی کی بازیابی کیلئے جیکب آباد پولیس کے دو ماہ سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری تھے ،گزشتہ روز ملزمان کی جانب سے مغوی صدام حسین کو دو موٹرسائیکلوں پر سوار ملزم تھانہ آر ڈی 44 کی حدود کے راستے سے بلوچستان منتقل کررہے تھے کہ اس دوران پولیس کی سخت ناکابندی کو دیکھ کر خطرہ بھانپتے ہوئے دمب گھیر کے قریب مغوی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ادھر مغوی کے اہلخانہ نے بازیابی پر پولیس کاشکریہ ادا کیا اور بہترین کارگردگی کو سراہا جب کہ ایس ایس پی جیکب آباد نے کامیاب کارروائی پر ڈی ایس پی گڑھی حسن غلام سرور برڑو، ایس ایچ او گڑھی حسن عباس علی سومرو اور ان کی ٹیم کو شاباشی کے علاوہ نقد انعام و اعزازات دینے کا بھی اعلان کیا۔ایس ایس پی جیکب آباد کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں