دریائے سندھ سے 6کینال کا منصوبہ قبول نہیں،سردار بخش مہر
سکھر(بیورو رپورٹ)سندھ کے وزیر زراعت، کھیل اور امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کا منصوبہ قبول نہیں،کینالز کسی صورت نہیں بننے دیں گے ۔۔۔
یہ بن گئے تو ہم پھر پتھر کے دور میں چلے جائیں گے ،پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ ہمیشہ وہی کام کرے گی جو سندھ اور سندھی عوام کے لیے بہتر ہوگا،سندھ میں کچھ برس کے دوران پانی کی قلت کی وجہ سے پیداوار بہت کم ہوئی ہے ۔سکھر ڈسٹرکٹ کونسل ہال کے دورے کے دوران چیئر مین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کسانوں کو ان کی فصلوں کی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے میکنزم بنا رہے ہیں ،آئی ایم ایف کی کچھ شرائط ضرور ہیں لیکن پی پی قائدین کی کوشش ہے کہ کسانوں کو سپورٹ پرائس دیں ،کسانوں کی خوشحالی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور مزید کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے حوالے سے سندھ کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کرکٹ میرے ڈومین میں نہیں ہے مگر اس کے باوجود میں نے آواز اٹھائی ہے اور کچھ فرق آیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اسپنر سمیت سندھ سے تین کھلاڑیوں کو کھلایا گیا ہے جو اچھی بات ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مختلف کھیلوں کے بڑے بڑے ایونٹس آنے والے ہیں جس میں ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ اٹھائیں۔