کورنگی میں گودام سے زائد المیعاد چاکلیٹ اور شہد برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی کی ویجلنس ٹیم نے ضلع کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں ایک بین الاقوامی برانڈ ڈسٹری بیوٹر کے گودام پر چھاپا مارا جہاں سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
تفصیلات کے مطابق معائنے کے دوران بھاری مقدار میں زائدالمیعاد اور خراب اشیاء برآمد کی گئیں۔ ضبط شدہ اشیاء میں 27 ہزار پیکٹس ایلڈیوا چاکلیٹ، 660 بوتلیں ہرنیلا شہد، 930 بوتلیں ہوٹسہ زیتون کا تیل اور 400 بوتلیں نیچر ہوم مونگ پھلی کے مکھن کی شامل تھیں۔ زائدالمیعاد اشیاء کو تازہ اشیاء کے ساتھ رکھا گیا تھا، جبکہ مصنوعات کی تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخوں میں جعل سازی کی گئی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو کے مطابق گودام کی حالت ناقابل قبول حد تک غیر صحت بخش تھی۔ مردہ چوہے کی موجودگی، گندے فرش، برتن اور کھلی اشیاء معائنے کے دوران پائے گئے ۔ گودام میں جراثیم کش اقدامات کا فقدان تھا، اور خراب اور سہی اشیاء ایک ہی جگہ رکھی گئی تھیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے گودام کو سیل کر کے 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔