دفاعی نمائش آئیڈیاز کے لیے ٹریفک پلان جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایکسپو سینٹر میں 19نومبر سے 22 نومبر تک منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی کے لیے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا گیا ہے ۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 7بجے تک ایکسپوسینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی، حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم سڑک بند رہے گی، اسی طرح اسٹیڈیم فلائی اوورسے دونوں فلائی اوورز ٹریفک کیلئے بند ہوں گے ۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم سگنل سے دائیں جانب حسن اسکوائر جانے والا روڈ بند ہوگا، جبکہ یونیورسٹی روڈ نیپا سے آتے ہوئے ایکسپو سینٹر سے بائیں جانے والی سڑک بند ہوگی، شارع فیصل سے ہیوی اور کمرشل گاڑیاں، واٹر ٹینکر کا کارسازروڈ پر داخلہ بند ہوگا۔ تمام ہیوی اور کمرشل گاڑیاں ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں، راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم روڈ پر ہیوی اور کمرشل ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی، جبکہ ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کو نیپا، عسکری 4 سے شارع فیصل اور نیپا چورنگی بھیجا جائیگا۔ نیپا سے حسن اسکوائر تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہیوی اور کمرشل گاڑیاں نیپا، گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ یا ڈرگ روڈ کاراستہ اختیارکریں، اسی طرح جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کمرشل گاڑیاں شہید ملت روڈ یا تین ہٹی روڈ کا استعمال کریں، یونیورسٹی روڈ سے اسٹیڈیم روڈ پر ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اجازت نہیں ہوگی، اس ٹریفک کو پی پی چورنگی ، شہید ملت روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔