اہل کراچی نے تقسیم کی سیاست مسترد کردی، وقار مہدی
کراچی(آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے کراچی سمیت سندھ کے 18 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور عوامی مقبولیت پر ریفرنڈم قرار دیا ہے ۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کے تمام کامیاب ہونے والے امیدواروں، تنظیمی عہدیداران اور کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی پر ایک مرتبہ پھر بھرپور اعتماد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی سمیت سندھ کے 18 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کیا ہے ۔ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی اور مخالفین اپنی عبرتناک شکست پر بوکھلا گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عوام نے نفرت، تقسیم اور مذہب کے نام پر ہونے والی سیاست کو ایک بار پھرمسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں صوبائی حکومت کے تحت 200 ارب سے زائد کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ کراچی بلدیہ عظمیٰ (کے ایم سی) کے تحت ہر یوسی میں 2، 2 کروڑ کے کام کا آغاز جلد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کے دوران خراب ہونے والی سڑکوں کی بحالی کا کام زور و شور سے جاری ہے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی عوام سے کئے گئے تمام وعدے انشااللہ پورے کرے گی ۔