چار جڈ پارکنگ میں قوانین کی خلاف ورزی کا انکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں ٹریفک دباؤ دور کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس مل کر اقدامات کریں ۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے شہر میں ٹریفک دباؤ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ان اسباب کی نشاندہی کی جن کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی کی کوششوں میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں مصروف شاہراہوں پرچارجڈ پارکنگ اور غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 201 چارجڈ پارکنگ ہیں جو بلدیاتی اداروں کی اجازت سے قائم کی گئی ہیں ۔ان میں 130 چارجڈ پارکنگ مصروف شاہراہوں پر قائم ہیں چارجڈ پارکنگ پر ڈبل اور ٹرپل پارکنگ اور دیگر قواعد کی خلاف ورزی کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ بڑھ رہا ہے ان کی اکثریت ضلع جنوبی میں قائم ہیں جبکہ غیر قانونی چارجڈ پارکنگ جو ٹریفک کے دباؤ کا سبب ہیں وہ ان کے علاوہ ہیں ۔ کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی اجازت سے قائم چارجڈ پارکنگ کو نظم و ضبط کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چارجڈ پارکنگ کو نظم و ضبط کے مطابق بنانے کے لئے قواعد پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ،پابند کیا جائے گا کہ ہر کنٹریکٹرز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ فوری طور پر پارکنگ نظام کو قواعد کے مطابق بنانے اور ڈبل ٹرپل پارکنگ کی روک تھام کرے ۔ جو کنٹریکٹر ز قواعد کی خلا ف ورزی کریں گے ان کے اجازت نامہ منسو خ کر نے پر اتفاق کیا گیا ،اس سلسلہ میں متعلقہ بلدیاتی ادارے کارروائی کریں گے ۔ اجلاس میں شہر کے اندر سے انٹر سٹی بس چلنے کی شکایا ت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس کی فوری روک تھام کریں گے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس ان کی مدد کرے گی ۔ اس سلسلہ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انٹر سٹی بسوں کے شہر کے اندر قائم تمام بس کمپنیوں کے دفاتر میں قائم ٹکٹ کاؤنٹر فوری طور پر بند کئے جائیں گے ۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کمپنیوں کے دفاتر سے مسافروں کو ٹکٹ جاری نہ ہوں۔