آوارہ کتوں کی بھرمار سے متعلق درخواست پر جواب طلب

 آوارہ کتوں کی بھرمار سے متعلق درخواست پر جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار اور ویکسین کی عدم دستیابی سے متعلق درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔

 ہائیکورٹ نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سندھ حکومت، کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر سے 22 جنوری تک جواب طلب کرلیا ۔درخواست گزار سمیرا محمدی نے استدعا کی کہ کنٹونمنٹ ایریاز میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے ۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ کو ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں معاونت کے الزامات کے تحت دو پولیس اہلکاروں کے خلاف حتمی کارروائی سے روک دیا۔ گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے دو اہلکاروں فیصل ضیا قریشی اور سفیر احمد مرکھنڈ کے وکیل ملک الطاف جاوید نے موقف اختیار کیا کہ پولیس رولز کے مطابق اہلکاروں کے خلاف کارروائی اختیار صرف متعلقہ ایس ایس پی کو ہے ۔ دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ نے لیاری آگرہ تاج میں غیر قانونی کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کے خلاف عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی اور فریقین سے 20 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آگرہ تاج میں بلڈر موسی ٰ ہینگورو، حسین شاہ اور ہارون سومرو نے دو پلاٹوں کو یکجا کرکے 9 منزلہ عمارت بنائی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں