صفورا ٹاؤن،کونسل اجلاس میں پانچ قرار دادیں منظور
کراچی (سٹی ڈیسک)صفورا ٹاؤن کونسل کا چھٹا ہنگامی اجلاس چیئرمین صفوراٹاؤن کلیم اللہ راشد خاصخیلی کی صدارت میں منعقد ہوا۔۔۔
اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر رکن کونسل شمیم صدیقی نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے میونسپل کمشنر منور حسین ملاح کو پوسٹ سے ہٹانے کی قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا جبکہ کمیٹیوں کی تشکیل ،ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی اور گھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی،جماعت اسلامی کے سکندر علی کو صفورا ٹاؤن کونسل کا قائد حزب اختلاف مقرر کرنے اور صفورا ٹاؤن میں بی آر ٹی روٹ پر متعلقہ اداروں کی مدد سے ہیوی ٹریفک مالکان کو پابند کرنا کہ وہ مذکورہ روٹس پر ہیوی ٹریفک صرف رات گیارہ بجے سے صبح 6 بجے تک لائیں کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی نے اس موقع پر کہا کہ اراکین کونسل کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں میونسپل کمشنر کو ہٹانے سمیت جو قرار دادیں پیش کی گء ہیں اس کا احترام کرتے ہیں صفورا ٹاون کو درست سمت میں لیجانے کیلئے کرپشن کے سارے راستے روکے جائیں گے ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کرینگے لیکن گھوسٹ ملازمین کیخلاف قانونی کارواء عمل میں لائیں گے ، تشکیل پانے والی کمیٹیاں صفورا ٹاون کی بہتر کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ اراکین کونسل صفورا ٹاؤن کی بہتری کیلئے ساتھ کھڑے ہیں۔