چڑیا گھر سے ہتھنی مدھوبالا سفاری پارک منتقل

چڑیا گھر سے ہتھنی مدھوبالا سفاری پارک منتقل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،اسٹاف رپورٹر) کراچی چڑیا گھر سے ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ہتھنی کو کنٹینر کے ذریعے ٹرک پر لوڈ کر کے سفاری پارک لایا گیا، منتقلی کے دوران ہتھنی نے کنٹینر میں خود کو زخمی بھی کر لیا۔

ہتھنی مدھوبالا کا ٹرک لیاری ایکسپرے وے سے سہراب گوٹھ اور پھر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے ہوتا ہوا سفاری پارک لایا گیا۔منتقلی کے دوران سٹی وارڈنز کی بھاری نفری تعینات رہی۔سربراہ فورپاز ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ ہتھنی بہت کوششوں کے بعد کنٹینر میں داخل ہوئی، کنٹینر میں ڈالنے کے بعد اسے نیم بیہوشی کی دوا دی گئی۔ ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک میں اس کے انکلوژر میں منتقل کر کے اسے پھل کھلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھنی کے لیے سفاری پارک میں 3 گنا بڑی جگہ بنائی گئی ہے ، جس میں خصوصی انکلوژر، سوئمنگ پول اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہتھنی مدھو بالا کی کراچی چڑ یا گھر سے سفاری پارک بحفاظت منتقل کردیا گیا ہے جہاں پہلے سے دو ہتھنیاں موجود ہیں اب پندرہ سال کے بعد مدھو بالا بھی ان کے ساتھ رہیں گی، اس کے لئے بین الاقوامی تنظیم فور پاز کے تعاون کے شکر گزار ہیں، ہم سب جانوروں کی فلاح و بہبود اور ان سے محبت کرنا چاہتے ہیں،کے ایم سی اور تنظیم فور پاز نے حکمت عملی طے کی ہے کہ جانوروں کو کیسے صحت مند رکھا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں