جانوں پر کھیل جائیں گے کینالز نکالنے نہیں دینگے ،لیاقت جتوئی
میہڑ(نمائندہ دنیا )سابق وزیراعلی ٰسندھ لیاقت علی جتوئی نے کہا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کا حق صحیح طرح استعمال کریں ایسے لوگوں کو ووٹ نہ دیں جو ٹائون کمیٹی ، میونسپل کمیٹی ، ڈسٹرکٹ کونسل کے پیسے ہڑپ کرگئے۔
جس کی وجہ سے اسپتالوں میں دوائی نہیں ،نہروں کی کھودائی نہیں ہوئی ، امن امان میسر نہیں ، راستے موجود نہیں ، پینے اور آبادی کے لیے پانی کی قلت ہے ،مگر یہ پھر بھی عوامی نمائندے ہونے کادعوی ٰ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ دھاندلی کی پیداوار ہیں ، اصل نمائندہ میں ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میہڑ کے قریب رادھن شہر میں سردار مظہر خان جھتیال ،شاہد قمر سولنگی کی جانب سے منعقدہ مچ کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری آرڈیننس جاری کرکے دریائے سندھ سے 6 کینال نکال نکلوارہے ہیں ، کینال نکالنے سے سندھ کو پانی نہیں ملے گا ، مجھے ماضی میں کہا گیا کہ کالا باغ ڈیم سے دو کینال نکالیں ،مگر میں نے ان کو کینالز نکالنے نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ کینال نکالنا زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دینگے مگر نہریں نکالنے نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے لوگ اپنے حقوق کے لیے نکلتے ہیں ، سندھ کے لوگوں کو بھی اپنے حقوق کے لیے نکلنا چاہیے ، دادو تو ویتنام کے طور پر مشہور تھا، اس کو کیا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی دھاندلی کی پیداوار ہے ، یہ پیپلزپارٹی اب زرداری لیگ بن گئی ہے ،ان کا کہناتھاکہ 17 برس سے حکمرانوں سے لڑتا آ رہا ہوں ، کئی پیشکشیں کی گئیں مگر ٹھکرا دیں۔