سستی و گرین انرجی کی فراہمی پہلی ترجیح،وزیرتوانائی

سستی و گرین انرجی کی فراہمی پہلی ترجیح،وزیرتوانائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سستی و گرین انرجی کی فراہمی ہماری پہلی ترجیح ہے سندھ حکومت صوبے میں ونڈ اور سولر کے کافی منصوبوں پر کام کررہی ہے یہ بات انہوں نے ڈی ایچ اے سٹی کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر (ر )سہیل کی قیادت میں ملنے والے وفد کے ساتھ اجلاس میں کہی ۔

اجلاس میں سیکریٹری سندھ انرجی مصدق خان،سی ای او ایس ٹی ڈی سی سلیم شیخ ، سندھ سولر پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر قاضی محفوظ اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔وفد نے 113 میگاواٹ بجلی کو گرین انرجی پر منتقل کرنے اورڈی ایچ اے سٹی اور اکنامک زون کو گرین انرجی سے بجلی فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ناصر شاہ نے کہا کہ غیر ملکی اور لوکل سرمایہ کار گرین انرجی کے منصوبوں میں دلچسپی لے رہے ہیں چینی کمپنیوں اور ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایم او یو سائن ہورہے ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ صوبے میں لگائے گئے منصوبوں کا ٹیرف سپرا طے کرے گی ،سپرا کا ٹیرف نیپرا کے ٹیرف سے کافی کم ہے سندھ ٹرانسمیشن ڈسپیج کمپنی نوری آباد ونڈ پاور سے 100 میگاواٹ سستی بجلی کے الیکٹرک کو فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت گرین انرجی پر کام کرنے والی کمپنیوں کو مکمل سہولت فراہم کرے گی، سیکریٹری سندھ انرجی مصدق خان نے وفد کو ٹیرف اور ٹرانسمیشن پر بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں