گھر کے زیر زمین ٹینک میں ڈوب کر 5سالہ بچہ جاں بحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹینک میں ڈوب کر پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کے علاقے غریب آباد گوٹھ میں گھر میں پانی کے زیر زمین ٹینک میں ڈوب کر معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔
لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی بچے کی شناخت 5 سالہ محمد ہادی ولد عبدالرزاق کے نام سے کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کر لیے ۔پولیسکے مطابق متوفی بچہ صبح وقت سے پہلے سوکر اٹھا گیا تھا جبکہ گھر کے صحن میں بنے زیر زمین پانی کے ٹینک کا ڈھکن صحیح طرح سے بند نہیں تھا، متوفی بچہ اٹھ کر گھر کے صحن میں پہنچا تو اس کا پیر زیر زمین پانی کے ٹینک کے ڈھکن پر پڑا تو ٹینک کا ڈھکن ہٹ گیا اور بچہ پانی کے ٹینک میں گر گیا۔شور ہونے پر گھر والے سو کر اٹھے اور بچے کو بچانے کی کوشش کی لیکن بچہ ڈوب کرجاں بحق ہوگیا۔