روڈ کٹنگ کے خلاف اینٹی کرپشن سے رجوع کا فیصلہ

 روڈ کٹنگ کے خلاف اینٹی کرپشن سے رجوع کا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کے جن ٹاؤنز نے روڈ کٹنگ کی اجازت دی ان کے خلاف اینٹی کرپشن سے رجوع کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے باغ جناح فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام فلاور شو کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی سڑکوں کو کھود دیا جاتا ہے ، گھروں میں گیس نہیں آرہی پھر بھی گیس کی لائنیں ڈالنے کیلئے سڑکیں کاٹی جا رہی ہیں جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ہفتے کو ملیر ایکسپریس وے کے پہلے فیز کا باقاعدہ افتتاح ہوگا جو لوگ اس پر سفر کریں گے انہیں پتہ چل جائے گا کہ کون شہر میں کام کرتا ہے اور کون صرف باتیں کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں جتنا معیاری ترقیاتی کام ہوا ہے اتنا کسی دوسرے ضلع میں نہیں ہوا،کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ شہر کے پارکس کو بھی بہتر اور جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسئلہ اختیارات اور فنڈز کا نہیں تھا، کراچی میں مسئلہ محض نیتوں کا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پھولوں کی یہ نمائش اگلے تین روز تک فریئر ہال میں جاری رہے گی، نمائش میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں، ہمیں ڈھائی ماہ لگے پھولوں کی نمائش کی تیاری میں، مختلف رنگوں کے میری گولڈ اور پیٹونیا کے پودوں سے فریئر ہال سج گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں