قبرستانوں کیلئے2500ایکڑاراضی مختص کرنیکا فیصلہ

قبرستانوں کیلئے2500ایکڑاراضی مختص کرنیکا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی میں بڑھتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2500 ایکڑ زمین قبرستانوں کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے اور چیف سیکریٹری سندھ نے اس حوالے سے کمشنر کراچی کو زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

یہ ہدایت چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ایک اہم اجلاس میں کی جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بقاء اللہ انڑ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری عملدرآمد و ہم آہنگی شاہاب قمر انصاری اور تمام ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ قبرستان کیلئے زمین کی نشاندہی کر ک محکمہ ریونیو کو رسمی حوالہ بھیجا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو اپنے ماسٹر پلان میں قبرستان کیلئے جگہ مختص کرنی چاہیے تاکہ آئندہ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ آبادی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شرح اور شہری پھیلاؤ کے باعث موجودہ قبرستانوں کی جگہ کافی نہیں رہی، اس لیے حکومت کا یہ اقدام شہر کی طویل مدتی منصوبہ بندی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اس فیصلے کو کراچی تک محدود نہ رکھتے ہوئے ، چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی قبرستانوں کیلئے زمین کی نشاندہی کریں۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے شہری ترقی کیلئے اہم خدمات کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ آئندہ کے انفرااسٹرکچر منصوبے شہریوں کی ضروریات کے مطابق ہونے چاہئیں۔ اس کے علاوہ، اجلاس میں دیگر اہم مسائل پر بھی غور کیا گیاجن میں سندھ میں اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو مزید مستحکم کرنا شامل ہے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں 13 اینٹی اسمگلنگ ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز اور 10 جوائنٹ چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی تاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے ۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان سہولتوں کیلئے مناسب زمین کی نشاندہی جلد از جلد کی جائے تاکہ صوبے میں اسمگلنگ کی روک تھام کی کارروائیاں مؤثر طریقے سے چلائی جا سکیں۔ مزید برآں چیف سیکریٹری سندھ نے حکام کو سرکاری زمین پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کو واپس حاصل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو تیز رفتار کارروائی کرنا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں