ایران کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں ، گورنرسندھ

 ایران کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں ، گورنرسندھ

کراچی ( این این آئی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دنیا کو پیغام دیتا ہوں کہ ایران کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔یقین دلاتاہوں کہ جن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان پر عمل یقینی بنائیں گے ۔

 ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ایران کے قونصل خانہ میں ایران کے انقلاب کی 46ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ، متحدہ رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیر ، مختلف ممالک کے قونصل جنرل سمیت دیگر شریک تھے ۔ گورنرسندھ جب ایران کے قونصل خانہ پہنچے تو قونصل جنرل حسن نوریان اور دیگر سفارتی عملہ نے ان کا پرتپا ک خیرمقدم کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہاکہ ایران کی عوام کو انقلاب کی 46 ویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آیت اللہ خمینی کو دنیا بھر میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاک ایران دوطرفہ تعلقا ت آج انتہائی مستحکم ہوچکے ہیں۔ یقین دلاتا ہوں کہ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔اب وقت آگیا ہے کہ مسلم امہ کے حق کے لئے تمام مسلم ممالک متحد ہوجائیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ اپنا نیول چیف پاکستان بھیجنے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔گورنرسندھ نے ایرانی قونصل خانہ میں منعقدہ ایرانی قالین نمائش میں بھی شرکت کی جہاں پر انہوں نے مختلف قالینوں کے خوبصورت ڈیزائن کی تعریف بھی کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں