میرپور خاص :ڈھائی ماہ قبل اغوا ہونیوالی لڑکی بازیاب،ملزم گرفتار

میرپور خاص (بیورورپورٹ) ڈھائی ماہ قبل میرپورخاص سے اغوا ہونے والی لڑکی کو پولیس نے بازیاب کرکے مرکزی ملزم گرفتار کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈھائی ماہ قبل مہران تھانے کی حدود سے لڑکی شریمتی انجلی ولد درہم داس کو 4 افراد اغوا کرکے لے گئے تھے ، جس کا مقدمہ مہران پولیس اسٹیشن پر مغویہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار نے لڑکی کے اغوا کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی عبدالغفور خاصخیلی، ڈی ایس پی طلال خان قائم خانی، ایس ایچ او مہران اور آئی ٹی سیکشن پر مشتمل ٹیم تشکیل دی اور لڑکی کو بازیاب کرکے ملزموں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔ تشکیل دی گئی ٹیم کی جانب سے ڈھائی ماہ کی انتھک محنت کے بعد لڑکی کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا اور پولیس کو کوئی کامیابی نہ مل سکی تھی، جس پر ایس ایس پی میرپورخاص نے سخت نوٹس لیا ۔ ایس ایس پی میرپور خاص نے گزشتہ روز ایس پی آفس میں ہنگامی طور پر تشکیل دی گئی ٹیم کا اجلاس منعقد کیا اور تمام ٹیم کو 24 گھنٹے میں لڑکی کو بازیاب کرنے اور ملزموں کو گرفتار کرنے کی خاص ہدایات دے کر روانہ کیا تھا، جس کے بعد ٹیم ہیومن ریسورسز اور ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے 24 گھنٹے سے قبل ہی اپنا ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی اور لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرو کر مرکزی ملزم سنیل ولد چونی لال کو گرفتار کرلیا ۔