زمینی تنازع،دشمنی پر3 قتل،شوہر نے بیوی کو کلہاڑی سے کاٹ ڈالا

میہڑ، روہڑی، خان پورمہر (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ 3 افرادزمینی تنازع اور پرانی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے ،ذہنی مرض شوہر نے بیوی قتل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق میہڑ کے قریب جارج جو دھڑو میں زمینی تنازع پر بھرٹ برادری کے دو فریقین میں خونی تنازع پر ایک فریق محمد خان بھرٹ کے ملزموں نے فائرنگ کرکے دوسرے فریق عبدالمجید بھرٹ کے مبین علی کو قتل اور صدام بھرٹ کو زخمی کردیا۔ روہڑی کے دبر اور جھانگڑو تھانوں کی حدود میں بھینسوں کی چوری پر جاگیرانی برادری میں جاری تنازع میں مخالفین نے گولی مار کر 25 سالہ ساجد ولد شہمیر جاگیرانی کو قتل کردیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ جاری تنازع میں اب تک 9 افراد قتل اور 20 زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھرگورنمنٹ اسلامیہ اسکول کے قریب سنگرار کے علاقے سرائی کے رہائشی 28 سالہ کلیم حیدر شاہ ولد حیدر بخش شاہ موٹر سائیکل پر بچوں کو اسکول چھوڑنے آیا تو گھات لگائے کھڑے مسلح موٹر سائیکل سواروں نے قتل کردیا ۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ خان پورمہر کے نواحی علاقے شاہ پورمہر میں ڈیرے میں رہائش پذیر ملزم عبدالرحمن بنگلانی نے مبینہ طور پر اپنی بیوی مسمات سلیمت بنگلانی کو کلہاڑیوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولہ کے رشتہ دار عیدن بنگلانی نے بتایا کہ ملزم خانپور کا رہائشی اور ذہنی مریض ہے۔ روہڑی کے علاقے دبر جاگیرانی میں جاری خونی تنازع میں گولی لگنے سے 15سالہ شکیلہ دختر غلام علی جاگیرانی جاں بحق ہوگئی۔