سٹی وارڈن فورس ٹریفک نظام کنٹرول کے لیے بھرتی کی جائے ،آل پارٹیز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات کے سلسلے میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت آل پارٹیز کانفرنس سے سیاسی، مذہبی، سماجی اور وکلا تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے۔۔
کہ حکمران کراچی پر ناجائز طریقے سے حکومت کرنے کی بجائے اس شہر کو سنبھالیں۔ ٹریفک حادثات انفرااسٹرکچر کی خراب حالت اور قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس سڑکوں پر بھتہ خوری میں ملوث ہے ، شہر کے نوجوانوں پر مشتمل سٹی وارڈن فورس ٹریفک نظام کنٹرول کے لیے بھرتی کی جائے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم، جنرل سیکرٹری اکرم عادل،کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی طہ احمد خان، مہاجر قومی موومنٹ کے رہنمافیضان احمد و دیگر نے کیا۔