منشیات برآمدگی کیس میں ملزم کی اپیل منظور، سزا کالعدم

منشیات برآمدگی کیس میں ملزم کی اپیل منظور، سزا کالعدم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم کردی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے دو کلو آئس برآمدگی کیس میں ملزم حفیظ کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔۔

اسسٹنٹ پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تربت سے کراچی دو کلو آئس لے کر آ رہا تھا، ملزم بس ڈرائیور تھا اور آئس ڈرائیونگ سیٹ کے نیچے رکھی ہوئی تھی ، عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمے میں کوئی پرائیویٹ گواہ پیش نہیں کیا گیا، بس میں کتنے مسافر موجود تھے ؟ سرکاری وکیل نے بتایا کہ بس میں صرف ملزم حفیظ ہی تھا جو بس چلا رہا تھا، جسٹس ظفر راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ تربت سے کراچی تک صرف دو کلو آئس لے کر آئے ہیں وہ بھی خالی بس میں؟ سفر میں بس کو کسی نے نہیں روکا، راستے میں پچاس تو ناکے ہوتے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کوئی بس کی تصویر ہے ، بس کا انجن یا چیچجز نمبر ہے ؟ ملزم کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی ہے ؟سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھر بغیر ثبوت کے سزا سنا دیں؟ آپ آ کر کہہ دیں اس کو پھانسی سنا دو یہ کیسے ہو سکتا ہے ، عدالت نے ملزم حفیظ کی اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم کردی۔ ماتحت عدالت نے حفیظ کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں