ماڈل پولیس اسٹیشنز کی آرائش جلد مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اندرون سندھ کے اضلاع میں ماڈل پولیس اسٹیشنز کی موجودہ صورتحال اورافتتاح سے متعلق اجلاس ہوا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ ورکس،ڈی آئی جیز، فائنانس، ہیڈکوٹرز، اے آئی جیز، اسٹیٹ مینجمنٹ، آپریشنز، ایم اینڈ پی آر نے بالمشافہ جبکہ ڈی آئی جیز، حیدرآباد،سکھر،میرپورخاص،شہیدبینظیر آباد اور متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز نے ذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کی جانب سے اجلاس کو ماڈل پولیس اسٹیشنز کی مرمت،تزنین و آرائش، دستیاب سہولیات اور افتتاحی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاکہ تمام ماڈل پولیس اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کے امور جلد از جلد مکمل کی جائے ۔تمام ماڈل پولیس اسٹیشنز میں خوش اخلاق،شائستہ گفتار، عوام دوست اور تجربہ کار اسٹاف تعینات کیا جائے ۔پولیس اسٹیشنز میں خوشگوار ماحول اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہاکہ رمضان کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیئے جائیں۔غلام نبی میمن نے کہاکہ عادی مجرمان اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں۔زیادہ تر جرائم میں عادی مجرمان اور مفرور ملزمان ملوث ہوتے ہیں۔