گیسٹ ہاؤس سے خاتون کی لاش ملنے کا مقدمہ درج

کراچی(این این آئی) شارع فیصل پر گیسٹ ہاؤس سے خاتون کی لاش ملنے کا مقدمہ مقتولہ کے والد نے درج کرادیا۔۔
جس میں کہاگیاہے کہ بیٹی کو سابق شوہر عادل نے قتل کیا ،کارروائی کی جائے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر گیسٹ ہاؤس سے خاتون کی لاش ملنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ٹیپوسلطان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں سابق شوہر کو نامزد کیا گیا ہے ۔مدعی مقدمے نے بتایا کہ پونے 11 بجے بھتیجی نے اطلاع دی کہ بیٹی کو سابق شوہرنے قتل کردیا ہے ، بھائی کے ہمراہ گیسٹ ہاؤس پہنچا تو بیٹی کی لاش واش روم میں پڑی تھی۔والد نے بتایاکہ گزشتہ شام میری بیٹی اپنی بیٹی اور رشتے دار کیساتھ مزدوری کیلئے نرسری پر تھی ، سابق شوہر محمدعادل نے بیٹی ارم کو کہا ضروری بات کرنی ہے ۔مقدمے کے متن میں کہا گیاہے کہ بیٹی کا سابق شوہرگیسٹ ہاؤس کی دوسری منزل لے کر گیا، تیز دھار آلے سے قتل کردیا، بیٹی کو سابق شوہر عادل نے قتل کیا ،کارروائی کی جائے ۔پولیس حکام کے مطابق ملزم فرار ہے تاہم گرفتاری کیلئے کارروائی کر رہے ہیں۔یاد رہے گزشتہ روز کراچی کے علاقے ٹیپوسلطان میں ہوٹل کے کمرے سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق ارم نامی خاتون چنیسر گوٹھ کی رہائشی تھی، مقتولہ اپنے سابقہ شوہر کے ہمراہ ہوٹل آئی تھی، جسے مبینہ طور پر سابقہ شوہر نے ہی تیز دھار آلے سے قتل کیا۔