لاڑکانہ:دریائے سندھ سے نئی کینالز نکالنے کیخلاف ریلیاں

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، قوم پرست تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے دریائے سندھ سے 6 متنازعہ کینالز نکالنے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
احتجاجی ریلیوں میں شریک افراد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کینالز کو مسترد کر کے ایسا فیصلہ واپس لیا جائے ۔جمعیت علماء اسلام (ف)لاڑکانہ کے رہنماؤں علامہ راشد محمود سومرو، مولانا ناصر محمود سومرو، محبت علی کھوڑو اور دیگر نے احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔ سندھو دریائے بچاؤ تحریک کی طرف سے ایس یو پی رہنما روشن کلہوڑو، ڈاکٹر مظہر مغل، صدر بھٹی، منظور شیخ، پی ٹی آئی رہنما رؤف کورائی، ڈسٹرکٹ بار کے نائب صدر جاوید بلیدی، جماعت اسلامی کے محمد عاشق دھامراہ، فنکشنل لیگ کے عطا محمد حب اور جی ڈی اے کے غلام حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی شہید بھٹو، عوامی تحریک، ایس ٹی پی، سندھ ادبی سنگت، مختلف ڈاکٹر تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی علیحدہ علیحدہ احتجاجی مظاہرے کیے ۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر نعرے بازی کی۔رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران دریائے سندھ کے پانی پر قبضہ کر کے پنجاب کی زمینوں کو آباد کرنا چاہتے ہیں جبکہ سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے۔