سکھر میں عید کی خریداری عروج پر، بازاروں میں رش

سکھر (بیورو رپورٹ)رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں عید کی خریداری زور پکڑ گئی، جس سے تجارتی مراکز کی رونقیں بحال ہو گئیں۔
شہر کے مشن روڈ، غریب آباد، شاہی بازار، مہران مرکز سمیت دیگر کاروباری علاقوں میں خریداروں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے ، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے ۔تاجر طبقے کا کہنا ہے کہ بازاروں میں گہما گہمی تو ہے ، مگر مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کی وجہ سے کاروبار میں وہ تیزی نہیں آ سکی جس کی توقع تھی۔ روزہ افطار سے قبل اور بعد میں رش مزید بڑھ جاتا ہے ، لیکن خریداروں کی قوتِ خرید متاثر ہونے کے باعث کاروبار پر اثر پڑ رہا ہے ۔دوسری جانب سکھر میں رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کے لیے شہر بھر میں مخیر حضرات کے تعاون سے اجتماعی افطاری کا سلسلہ جاری ہے ،مساجد ،شاہراہوں ،اسپتالوں کے باہر خصوصی اہتمام کیاجارہاہے ۔ سماجی ،فلاحی تنظیموں کی جانب سے مسافروں، نادار اور مستحق مسافراوں کو افطار پروگراموں میں خصوصی طور پر شامل کیا جاتا ہے ،جس کا مقصد روزہ کھلوانے کا ثواب حاصل کرنا ہے جب کہ بیشتر افراد اپنا فدیہ مساجد اور فلاحی تنظیموں کے حوالے کردیتے ہیں جو عملی طور پر اجتماعی سحر و افطار کے دستر خوان سجاتے ہیں۔