ٹمبر تاجران کابعد از عید پولیس کیخلاف احتجاج کا اعلان

کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان ٹمبرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے پولیس کے رویے سے تنگ آکر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاجر کا بیٹا بینک سے رقم نکلوا کر منزل کی جانب گامزن تھا۔۔
کہ راستے میں دو موٹر سائیکل سوار ڈکیتوں نے اس سے 11 لاکھ روپے چھیننے کی واردات کر ڈالی، خود ساختہ طور پر تاجر کا بیٹا 6 لاکھ روپے محفوظ کرنے میں کامیاب رہا ،تاہم دونوں ڈکیت 5 لاکھ روپے ہڑپ کرنے میں کامیاب ہوگئے، اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف آئی آر درج کرانے تاجر حضرات فوری متعلقہ نیپئر تھانے پہنچے تاکہ انصاف کا حصول ممکن ہوسکے ۔ شرجیل گوپلانی نے ویڈیو بیان میں متن اپنایا کہ ایس ایس پی سٹی کی مداخلت پر ایس ایچ او نیپئر سے بالآخر رابطہ ہوا تاہم نیپئر تھانے کے ایس ایچ او کے نامناسب رویے کی وجہ سے ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن نے ایف آئی آر درج نہیں کرائی بلکہ ایس ایچ او ایف آئی آر درج اور تفتیش کرنے کے بجائے الٹا مدعی کو ہراساں اور اس پر شک ظاہر کرتا رہا۔ اس رویے سے مایوس ہوکر ٹمبر تاجران نے بعد از عید متعلقہ تھانے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے ۔ شرجیل گوپلانی کا مزید کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے متعلقہ حدود کی پولیس خود ڈکیتوں کو سہولت فراہم کررہی ہے اور ایسا رویہ اپنا رہی ہے کہ مدعی خود ایف آئی آر کا اندراج بھی نہ کرسکے ۔