یوم پاکستان جدوجہد کے عہد کی تجدید کا دن ،شرجیل میمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے تاریخی دن کے موقع پاکستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یہ وہ دن ہے جب قائداعظم اور دیگر عظیم رہنماؤں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب کو حقیقت بنانے کی بنیاد ڈالی۔ 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ پاکستان ان بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے ایک آزاد جمہوری ریاست کے قیام کے لیے دیں، آج ان عظیم شہداء کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے ہمارے ملک کی آزادی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کو درپیش چیلنجز کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کے عہد کی تجدید کا دن ہے ، ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے اختلافات سے بالاتر ہو کر ہم سب کا متحد ہونا ناگزیر ہے ۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم سب کو قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔