صارم قتل کیس ،پوسٹ مارٹم رپورٹ کے جائزے کیلئے بورڈ تشکیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر )صارم قتل کیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے جائزے کے لیے 4 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں ڈھائی ماہ قبل قتل ہونے والے سات سالہ صارم کے والدین کو انصاف ملنے کی امید پیدا ہوگئی، محکمہ صحت سندھ نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے تفصیلی جائزے کے لیے 4 رکنی ماہر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، بورڈ کا پہلا اجلاس آج دوپہر 1 بجے پولیس سرجن کراچی کے دفتر میں ہوگا۔ اس بورڈ میں پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد، پروفیسر ڈاکٹر پرویز مخدوم، ڈاکٹر لبنیٰ ریاض اور ڈاکٹر سمیعہ سید شامل ہیں۔بورڈ پوسٹ مارٹم نتائج اور فرانزک تجزیے کا تفصیلی جائزہ لے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا پوسٹ مارٹم مکمل اور درست طریقے سے کیا گیا تھا یا نہیں۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے ڈی این اے اور کیمیکل تجزیے کے حوالے سے بھی بورڈ بنانے کی درخواست دی تھی۔واضح رہے کہ صارم رواں سال جنوری میں مدرسے سے گھر آتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا اور کئی دن بعد اس کی لاش فلیٹ کے انڈر گراونڈ ٹینک سے برآمد ہوئی تھی۔