مہنگائی کے باعث تدفین بھی مشکل ، قبر کیلئے پانچ لاکھ روپے تک وصول کا انکشاف

مہنگائی  کے باعث  تدفین  بھی  مشکل  ، قبر  کیلئے  پانچ  لاکھ  روپے  تک  وصول  کا انکشاف

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے قبرستانوں میں عام افراد کے لیے اپنے پیاروں کی تدفین مشکل ہوگئی، قبر کیلئے پانچ لاکھ روپے تک وصولی کا انکشاف ہوا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں مہنگائی کے باعث اب شہریوں کو اپنے پیاروں کی تدفین میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جہاں قبروں کے لیے سرکاری فیس کے ساتھ اضافی پیسے وصول کئے جارہے ہیں، مہنگائی نے جہاں تمام چیزوں کو متاثر کیا وہاں مرنا بھی مشکل ہو گیا ۔ کراچی میں مجموعی طور پر 213 قبرستان ہیں بلد یہ عظمی کراچی کی حدود میں 38قبرستان میں ہرقبرستان میں قبر کی الگ الگ قیمتیں ہے بہت سے قبرستانوں پرکچھ عناصر کا قبضہ بھی ہے جہاں قبروں کی من مانی قیمت وصول کی جا رہی ہے ۔ بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام قبرستانوں میں عیسیٰ نگری ، سخی حسن ، محمد شاہ ، عظیم پورہ، چکرا گوٹھ، کورنگی ، سوسائٹی ، ماڈل کالونی ، یاسین آبادسمیت متعدد بڑے قبرستان شامل ہیں تاہم یہاں پر جگہ ختم ہونے کی وجہ سے سالوں سے تدفین پر پابندی عائد ہے ۔قبرستانوں میں نئے فارمولے کے تحت تدفین ہو رہی ہے اگر کسی عزیز کی قبر وہاں موجود ہے تو اس میں ہی تدفین کی جا رہی ہے لیکن اس کے لئے بھی خطیر رقم وصول کی جا رہی ہے ۔بلدیہ عظمیٰ کے قبرستانوں میں قبر کی سرکاری قیمت 14500روپے ہے جبکہ قبرستان کا عملہ 25 سے 50 ہزار روپے تک وصول کررہا ہے ۔سب سے زیادہ ریٹ سوسائٹی قبرستان میں ہے جہاں ایک سے پانچ لاکھ روپے تک کی قبر فروخت کی جا رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں