ائرپورٹ حملہ کیس میں درخواست ضمانت پر جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس کی ملزمہ گل نساء کی ضمانت کی درخواست پر پراسیکیوشن سے جواب طلب کرلیا ہے ۔
عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ، تفتیشی افسر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے ۔ ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ گل نساء کا کسی کالعدم تنظیم، خصوصاً بی ایل اے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ نہ کوئی فون کال، چیٹ، ای میل، یا کوئی بھی ایسا مواد ملا ہے جو کالعدم تنظیم سے تعلق ظاہر کرے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے کسی کالعدم تنظیم کا لٹریچر، شناختی کارڈ یا کوئی بھی ثبوت برآمد نہیں ہوا۔وکیل نے مزید کہا کہ گل نساء کی عمر صرف 22 سال ہے اور اس کی ایک ڈیڑھ سے دو سال کی دودھ پیتی بچی بھی ہے ، اس لیے انسانی بنیادوں پر ضمانت دی جائے ۔ پولیس کے مطابق 6 اکتوبر 2024 کو کراچی ایئرپورٹ کے باہر غیر ملکی شہریوں پر خودکش حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو غیر ملکی ہلاک ہوئے تھے ۔ اس کیس میں گل نساء اور ایک اور ملزم جاوید کو گرفتار کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت پہلے ہی گل نساء کی ضمانت کی درخواست مسترد کر چکی ہے جس کے خلاف یہ اپیل سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے ۔