نوجوانوں کو آئی ٹی ملازمت کے لیے امریکی کمپنی سے معاہدہ

 نوجوانوں کو آئی ٹی ملازمت کے لیے امریکی کمپنی سے معاہدہ

کراچی(نمائندہ دنیا)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ۔۔

بتایا کہ گورنر انیشیٹیوز اور سائبر رینج سولوشن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں،اس معاہدے کے تحت کمپنی کی جانب سے منتخب طلباء کو 6 ماہ کا مفت کورس کروایا جائے گا، جس کے بعد کامیابی کی صورت میں امریکہ میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔گورنر سندھ کے مطابق اس پروگرام کے تحت 40 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی، جن کی تنخواہیں 90 ہزار سے لے کر 130 ہزار امریکی ڈالرز تک ہوں گی، جبکہ طلبہ کے ابتدائی اخراجات بھی کمپنی برداشت کرے گی۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ساڑھے پانچ لاکھ طلبہ نے آئی ٹی کورسز کے لیے ٹیسٹ دیا، جن میں سے 50 ہزار نے کولیفائی کیا ہے اور وہ گزشتہ 11 ماہ سے جدید آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کیمپس سندھ میں قائم کیے جائیں گے ۔وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ‘‘گورنر ہاؤس تبدیلی کی علامت بن چکا ہے ، گورنر کا کوئی اختیار نہیں تھا لیکن ارادہ ضرور تھا۔’’ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرٹیفکیشن کو تسلیم نہیں کیا جا رہا، مگر دنیا اسے مان رہی ہے ۔دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے گورنر سندھ سے ملاقات کے دوران ان کے آئی ٹی انیشیٹیوز کو مثالی اور قابلِ تقلید قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں