ایگا ٹیکس ہماری صلاحیتوں، جدت اور عزم کی علامت ،سعید غنی
کراچی (بزنس رپورٹر)ایگا ٹیکس نمائش کا آغاز کراچی ایکسپوسینٹر میں ہوگیا، فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام یہ نمائش 24 سے 26 اپریل 2025 تک جاری رہے گی۔۔
جس میں 30 سے زائد ممالک کی 450 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ چین، اٹلی اور ترکیہ کے خصوصی پویلینز بھی اس نمائش کا حصہ ہیں۔ایونٹ میں جدید ٹیکسٹائل مشینری اور نئی ٹیکنالوجیز کو پیش کیا جا رہا ہے جن کے ذریعے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں جدت لائی جا رہی ہے ۔مختلف ڈیزائن اور مشینوں کی نمائش نے شرکا کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیاجہاں جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی سوچ کا امتزاج دیکھنے کو ملا۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی تھے ۔صوبائی وزیرسعید غنی نے نمائش کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم خان تنولی، اٹلی، چائنا، ترکیہ، جاپان سمیت دیگر یورپی ممالک کے قونصل جنرل کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ وزیر بلدیات نے نمائش کو پاکستان کی صنعتی ترقی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم قدم قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایگا ٹیکس ہماری صلاحیتوں، جدت اور عزم کی علامت ہے ۔ایونٹ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے ایک سنگِ میل ہے ۔ سلیم خان تنولی نے کہا کہ ہم مقامی صنعتکاروں اور عالمی کمپنیوں کو ایک ساتھ لا کر نئی شراکت داریوں کو فروغ دے رہے ہیں۔اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز نے بھی افتتاحی دن میں نمائش کا دورہ کیا۔