کورنگی میں گرین بیلٹ پر تجاوزات ،ڈی جی کے ڈی اے سے رپورٹ طلب

کورنگی میں گرین بیلٹ پر تجاوزات ،ڈی جی کے ڈی اے سے رپورٹ طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی میں گرین بیلٹ پر تجاوزات کے معاملے پر ڈی جی کے ڈی اے سے رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ میں کورنگی سیکٹر 41 اے گرین بیلٹ پر تجاوزات کے خلاف شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر کے ڈی اے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت تک ڈی جی کے ڈی اے سے جامع رپورٹ طلب کرلی۔ دوران سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالت میں آکر بتاتے ہیں کہ واقعی تجاوزات ہوئی ہے ، لیکن آپ خود سے کارروائی کیوں نہیں کرتے ؟ جب تک کوئی معاملہ عدالت میں نہیں آتا، آپ لوگ سوتے رہتے ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں روڈ پر قبضہ کیسے ہو گیا اور سوال اٹھایا کہ انکروچمنٹ کے باوجود خود سے کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ درخواست گزار عبد الحامد یوسفی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گرین بیلٹ پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں اور عدالت نے اس مقام پر تعمیرات روکنے کا حکم بھی جاری کررکھا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں