قازقستان مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں،جنید انور

قازقستان مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں،جنید انور

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ جنید انور چودھری نے قازقستانی ٹرانسپورٹ وفد کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ۔۔

کہ قازقستان کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ کا دورہ پاکستان بحری صنعت اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ قازقستان آئندہ مہینوں میں پاکستان میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے ، قازقستان نہ صرف گوادر پورٹ میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے بلکہ گڈزٹرانسپورٹ کے لیے گوادر سے ایک نیا ریلوے ٹریک بنانے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو افغانستان کے راستے سے قازقستان تک جائے گا۔قازقستانی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ان کا وفد پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گاجن میں میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر بھی کام کرنا چاہتا ہے جس میں گوادر پورٹ، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے قازقستان کو پورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور قازقستانی حکومت کو پاکستانی بندرگاہوں سے امپورٹ اور ایکسپورٹ کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے ۔ایم او یوز پر دستخط کا عمل مختلف تجاویز اور جائزے کے بعد مکمل کیا جائے گا۔قازقستان اور پاکستان کے درمیان ریلوے ٹریک کے منصوبے کے سلسلے میں افغانستان کی حکومت سے بھی بات چیت جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں