کورنگی میں زمین الاٹمنٹ کیس ، جواب جمع نہ کرانے پر صوبائی حکومت پر برہمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی میں زمین الاٹمنٹ کے کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر صوبائی حکومت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی میں زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں صوبائی حکومت کی جانب سے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آخری مہلت جاری کر دی ہے ۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس گزشتہ دو سال سے زیر سماعت ہے لیکن حکومت سندھ نے تاحال جواب جمع کرانے کی زحمت نہیں کی۔عدالت نے کہا کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو عوامی تقاریر میں کہتے ہیں کہ عدالتوں میں مقدمات زیر التوا ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت سندھ کی غیر سنجیدگی خود کیسز کے التوا کا سبب بن رہی ہے۔ جسٹس کلہوڑو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے عدالتی نوٹسز کو سنجیدہ ہی نہیں لیتے اور جواب جمع کرانے کو غیر ضروری سمجھتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔