لاڑکانہ میں میڈیکل اسٹورز پر محکمہ صحت کی ٹیم کے چھاپے

لاڑکانہ میں میڈیکل اسٹورز پر محکمہ صحت کی ٹیم کے چھاپے

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)محکمہ صحت لاڑکانہ نے شہر کے بڑے تجارتی علاقوں میں قائم میڈیکل اسٹورز پر اچانک چھاپے مار کر صفائی، اسٹاف کی موجودگی۔۔

 درجہ حرارت اور ادویات کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔خلاف ورزیوں پر متعدد مالکان کو سخت ہدایات اور دو کو تنبیہ جاری کی گئی۔ڈی ایچ او لاڑکانہ ڈاکٹر شوکت علی ابڑو،ڈرگ انسپکٹر صاحب خان میرانی، اور ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر فرحان علی جوکھیو کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم نے اسٹیشن روڈ اور گھنٹی پھاٹک پر واقع الشفاء، مصعب، سید، ایورگرین، لکی بابا، آہوجا، نیو فیمس، پرائم، سن شائن، کمال اور پاپولر سمیت متعدد میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا۔ ٹیم نے نہ صرف ادویات کے نمونے لیبارٹری جانچ کے لیے بھیجے بلکہ صفائی ستھرائی اور اسٹورز کے اندر ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔کارروائی کے دوران 5 اسٹور مالکان کو ڈرگ ایکٹ کے تحت ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ فوری طور پر صفائی اور فارماسسٹ/ڈسپنسر کی موجودگی یقینی بنائیں۔ جبکہ دو اسٹورز کو وارننگ دی گئی کہ آئندہ خلاف ورزی پر انہیں سیل کر دیا جائے گا۔اس موقع پر ڈرگ انسپکٹر لاڑکانہ صاحب خان میرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل اسٹورز پر روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری ہے تاکہ غیر معیاری ادویات کی فروخت اور عوامی صحت کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوتاہی کو روکا جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فارماسسٹ اور مجاز عملے کی غیر موجودگی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں