سفاری پارک میں موجود دونوں ہتھنیوں کا علاج جاری

سفاری پارک میں موجود دونوں ہتھنیوں کا علاج جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سری لنکا کے ماہر ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا سترہ روزہ دورے پر سفاری پارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ہتھنی مدھو بالا اور ہتھنی ملکہ کے طبی معائنے اور علاج کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ۔۔

اور ہاتھیوں کی صحت کا جائزہ لے رہے ہیں، ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا،کمیٹی ممبر یسرہ عسکری اور دیگر ڈاکٹروں نے جمعہ کو میڈیا کو بریفنگ دی، اس موقع پر ڈاکٹربھنڈارا نے ہتھنیوں کے جاری علاج اور ان کے طبی مسائل سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، ڈاکٹر کے مطابق مدھو بالا اور ملکہ کو ٹی بی کی تشخیص مئی میں ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ان کے علاج کا آغاز کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ دونوں ہتھنیوں کا علاج ایک بین الاقوامی پروٹوکول کے تحت جاری ہے جو دو مراحل پر مشتمل ہے ، پہلے مرحلے میں دو ماہ کا ابتدائی علاج مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں دس ماہ تک مسلسل دوا اور معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا، ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا کے مطابق اب تک انہوں نے پندرہ ہاتھیوں کا کامیاب علاج کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ مدھوبالا اور ملکہ بھی جلد صحت یاب ہو جائیں گی، انہوں نے بتایا کہ دونوں ہتھنیوں کو ہر وقت طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور اس دوران کسی بھی فرد کو ان کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی،سفاری پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ہاتھیوں کو صرف بس یا مخصوص فاصلے سے دیکھنے کی اجازت ہو گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں