کراچی کو نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کریں، جماعت اسلامی کا مطالبہ
کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں 12 سے 18 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ نے ۔۔
کراچی کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔کے الیکٹرک کی نااہلی، نیپرا اور حکومت کی خاموشی عوام دشمنی کا ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر میں کے الیکٹرک آئی بی سی پر جاری دھرنے کے تیسرے روز خطاب میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوری منسوخ اور فارنزک آڈٹ کروایا جائے ، جبکہ کراچی کو نیشنل گرڈ سے سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے ۔ منعم ظفر نے کہا کہ نیپرا اور حکومت، کے الیکٹرک کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں، جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔دھرنے میں امیر ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف، ناظم علاقہ محمد کاشف شفیع و دیگر رہنما شریک تھے ۔ شرکاء نے بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کے الیکٹرک کے خلاف نعرے درج تھے ۔منعم ظفر نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، سرجانی، نارتھ کراچی، اورنگی، لیاری، لیاقت آباد سمیت متعدد علاقے متاثر ہیں، خواتین، بزرگ اور طلبہ اذیت میں مبتلا ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو حکومت اور کے الیکٹرک اس کے ذمہ دار ہوں گے ۔