الخدمت کا جائزہ اجلاس،جاری منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا ہے کہ الخدمت کے جاری منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں ۔۔
،الخدمت کے شعبہ جات کے ذمہ داران اس کے ترجمان ہیں۔لوگوں کی خدمت کیلئے مثالی کردار ادا کرنے میں اپنی مکمل صلاحیتیں بروئے لائی جائیں۔یہ بات انہوں نے الخدمت کراچی کے مرکزی دفتر میں سہ ماہی جائزہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی ۔اجلاس میں پہلی سہ ماہی میں تمام پروگرامز اور ڈپارٹمنٹس کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا ۔اجلاس میں تمام سینئرمنیجرزاور منیجرز نے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ منیجرز کی مختلف شعبہ جات میں تبدیلی اورنئے منیجرز کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ راشد قریشی نے کہا کہ جنگی صورتحال میں رضاکاروں کو الرٹ کردیا گیا تھا ،تاہم اب ضروری ہے کہ رضاکاروں کی ٹریننگ کے عمل کو باقاعدگی سے یقینی بنایا جائے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داران رضاکاروں کو تربیت دینے والے اداروں کے ساتھ الخدمت کے ضلعی ذمہ داران اور ہنگامی نوعیت کے دیگر اداروں سے روابط کو موثر بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے پروگرامز اور ڈپارٹمنٹس کے ذمہ داران باہمی تعاون کو فروغ دیں ،وقوعد وضوابط پر عمل کریں اور تمام اہداف کو مقررہ وقت میں مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ آپ تمام لوگ الخدمت کے ترجمان ہیں ،لہٰذامعاشرے میں بہترین کردار ادا کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دیں ۔