بس سے شہریوں کی ہلاکت ،ہرجانے کے دعوے پر فریقین کو نوٹس
کراچی (این این آئی)کراچی کی مقامی عدالت نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بس کی ٹکر سے 2 شہریوں کے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے ہرجانے کے دعوے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے۔۔
آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں بس مالک آرٹسٹک ڈینم ملز اور بس ڈرائیور رضا حسین شاہ کو فریق بنایا گیا ہے ۔سینئر سول جج ضلع شرقی کی عدالت کے روبرو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بس کی ٹکر سے 2 شہریوں کے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ نے 3، 3 کروڑ روپے کے ہرجانے کے دعوے کی سماعت ہوئی۔ دعویداروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سال 2024 میں سڑک حادثے میں سبحان اور معیز الدین جاں بحق ہوگئے تھے ۔ بس ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت کی وجہ سے شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے ۔ جب یہ حادثہ رونما ہوا تو دونوں شہری موٹر سائیکل پر نوکری پر جارہے تھے ۔ دونوں نوجوان اپنے اپنے خاندان کی کفالت کیا کرتے تھے ۔ واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کیا گیا ہے ۔ بس مالک کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس طرح کے ڈرائیور کو نوکری پر رکھے جو باصلاحیت ہو۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں بس مالک آرٹسٹک ڈینم ملز اور بس ڈرائیور رضا حسین شاہ کو فریق بنایا گیا ہے ۔