سنی تحریک کا بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کامطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت مثبت اقدامات کرے ،بجلی وگیس اور پٹرول کی نرخوں میں مزید کمی کی جائے ۔۔
عوام بجلی گیس پانی اور ہر شے پر جی ایس ٹی کے علاوہ کئی قسم کے ٹیکس ادا کررہے ہیں،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت میڈ ان پاکستان پالیسیاں مرتب کرے ،معاشی پالیسیوں میں بیرونی مداخلت کو مسترد کر کے غریب عوام کو ریلیف دیا جائے ،ملک کے عوام حکومت کی معاشی اور غربت مٹاؤ مثبت پالیسیوں کا ساتھ دینگے ،مہنگائی وبے روزگاری کے خاتمے کیلئے اور غریبوں کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے حکومت اقدامات کرے ،ملک کی سلامتی ودفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے ، قوم کا اتحاد ہی معاشی استحکام کی علامت ہے ، حکمران ملک کے معاشی مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے بجٹ کو عوام دوست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔ شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ حکومت معاشی ریلیف کے اہداف پورے کرنے کے دعوے کررہی ہے مگر عوام کو کوئی معاشی مراعات نہیں پہنچ رہی ،ملک کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے سرکاری عہدوں پر تعینات وزراء ومشیروں اور سرکاری افسران کی مراعات میں کمی کرکے وسیع پیمانے پر زرمبادلہ بچایا جاسکتا ہے۔