اسلم گورداسپوری نے حق اور سچ کی پاداش میں سختیاں برداشت کیں ، ناصر شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے نامور دانشور اسلم گورداسپوری کی کتاب سول سوسائٹی اور دانشوروں کا کردار کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کہا۔۔
کہ اسلم گورداسپوری نے حق اور سچ کی پاداش میں زندگی بھر سختیاں برداشت کی ہیں مگر وہ حق گوئی اور سچائی لکھنے اور کہنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور ہمیشہ اپنے موقف پر ڈٹے رہے ۔ آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب کی صدارت ڈاکٹر سید جعفر احمد نے کی۔ ڈاکٹر ریاض شیخ، ڈاکٹر جبار خٹک، مہناز رحمان، فرخ سہیل گوئندی، علی سجاد، مجاہد بریلوی، ڈاکٹر ناظر محمود سمیت نامور شخصیات بھی تقریب میں موجود تھی۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اتنے بڑی شخصیتوں کے درمیان مجھے مہمان خصوصی کے طور پر بلایا گیا ہے جس کا میں خود کو اہل نہیں سمجھتا۔ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ میں خصوصی طور پر چائنہ سے اسلم گورداسپوری کی کتاب کی رونمائی میں شرکت کے لئے آیا ہوں۔ ہماری پوری فیملی میں سب سے خوبصورت شخصیت اسلم گورداسپوری کی ہے ۔ بچپن سے آج تک ان کو دیکھا سیاسی طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ رہے۔