سکھر میں غیر معیاری کھانوں پر ہوٹلوں کو بھاری جرمانے

سکھر میں غیر معیاری کھانوں پر ہوٹلوں کو بھاری جرمانے

سکھر (بیورورپورٹ)سندھ فوڈ اتھارٹی سکھر ریجن نے کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کی چیکنگ کے دوران ببرلوئی، وارث گمبھیر اور۔۔۔

 گمبٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہوٹلوں پر اچانک چھاپے مار کر غیر معیاری اشیاء کے استعمال پر جرمانے عائد کر دیے ۔ بعض ہوٹلوں سے غیر معیاری کوکنگ آئل تلف کیا گیا، جب کہ فوڈ لائسنس نہ رکھنے والے ہوٹلز کو فوری رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آصف جان صدیقی کی ہدایات پر شروع کی گئی کارروائیوں کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) آغا فاروق احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔ ببرلوئی بائی پاس پر نیو تاج ہوٹل کو 15 ہزار، وارث گمبھیر میں پاک ہوٹل کو 10 ہزار، جبکہ گمبٹ کے نورانی ہوٹل، فاسٹ فوڈیز اور نور ریسٹورنٹ کو 40، 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔معائنے کے دوران ایک ہوٹل سے 25 لیٹر غیر معیاری کوکنگ آئل بھی تلف کرایا گیا۔ ہوٹلوں میں غیر معیاری کوکنگ آئل، کچن کی ناقص صفائی اور مضر صحت اشیاء کی موجودگی پر نوٹسز جاری کیے گئے ، اور مالکان کو فوری اصلاح کی ہدایت کی گئی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر آغا فاروق احمد نے کہا کہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لائسنس کے بغیر کام کرنے والے فوڈ بزنسز کو جلد از جلد لائسنس حاصل کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں