جامعہ این ای ڈی کا 22کروڑ روپے خسارے کا بجٹ پیش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ این ای ڈی کا 22 کروڑ 32 لاکھ روپے خسارے کا بجٹ33ویں سینیٹ اجلاس میں پیش کیا گیا جس کی صدارت شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر محمد طفیل نے کی۔
منعقدہ سینٹ اجلاس میں سیکریٹری سائنس، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ نور احمد سموں اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن معین صدیقی بھی شریک ہوئے ئے۔اجلاس میں 2023 تا 2024 کے سالانہ آڈٹ اکاؤنٹ کی رپورٹ کی منظوری، 2024 تا 2025 کی رپورٹ جب کہ 2025 تا 2026 کا بجٹ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ ڈاکٹرمحمد طفیل نے بتایا کہ 2024 تا 2025 کا بجٹ بھی 32 کروڑ 8 لاکھ خسارے کا پیش کیا گیا تھا، تاہم حکومتِ سندھ کی مدد سے اس خسارے پر قابو پایا گیا اور آج 17 لاکھ روپے کی بچت پر بجٹ کا اختتام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2025 تا 2026 کی آمدنی کا تخمینہ 6 ارب 4 کروڑ 81 لاکھ روپے ہے جب کہ اخراجات کا تخمینہ 6 ارب 27 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد ہے ، یہ بجٹ بھی 22 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد خسارے کا ہے ۔ سینٹ اجلاس میں ڈین الیکٹریکل انجینئرنگ ڈاکٹر سعد قاضی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جس کے مطابق تعلیمی کامیابیوں اور عالمی سطح پر حاصل کی گئی نمایاں پوزیشن کو اُجاگر کیا گیا ۔