فراہمی و نکاسی آب کے بہتر اقدامات کررہے ، اسداللہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر واٹر کارپوریشن کی جانب سے شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔۔۔
اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے جب کہ نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے دن رات کام جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او )واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے پی پی پی رہنما اور رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ملیر ضلع میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے سی او او واٹر کارپوریشن کو ضلع ملیر کے عوام کو پانی فراہمی و نکاسی آب کے درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واٹر کارپوریشن عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے تمام شکایات کے فوری اور پائیدار حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام نشاندہی شدہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ ملاقات کے دوران ٹاؤن چیئرمین ملیر جان محمد بلوچ چیف انجینئر سید محمد اعجاز محمد زاہد اور تنویر شیخ سمیت دیگر حکام موجود تھے ۔