ریلوے پولیس یوم عاشور پر ٹرینوں کی چھتوں پر سفر روکنے میں ناکام

سکھر (بیورو رپورٹ)محکمہ ریلوے پولیس اور انتظامیہ یوم عاشور کے موقع پر مسافروں کو ٹرینوں کی چھتوں پر سفر سے روکنے میں بری طرح ناکام ہو گئی۔ سندھ کے مختلف شہروں سے آنے والے عزاداروں نے بھی بڑی تعداد میں ٹرینوں کی چھتوں پر سوار ہو کر مختلف شہروں میں یوم عاشور کے جلوسوں میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق 9 اور 10 محرم کو ہزاروں افراد نے ٹرینوں کی چھتوں پر سفر کیا، جو نہ صرف ریلوے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے خطرناک بھی ہے ۔ بدقسمتی سے ایک روز قبل چھت پر سوار ہونے کے دوران پیش آنے والے حادثے میں بارہ افراد زخمی ہوئے جن میں ایک نوجوان دم توڑ گیا۔یاد رہے کہ محرم الحرام کے ایام میں ٹرینوں میں شدید رش کے باعث عزاداروں کی بڑی تعداد بغیر کسی حفاظتی تدابیر کے چھتوں پر سوار ہو جاتی ہے ، جو کسی بھی وقت بڑے سانحے کا باعث بن سکتا ہے ۔اس حوالے سے محکمہ ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ بار بار کی وارننگ، اعلانات اور ضابطہ اخلاق کے باوجود مسافر اس پر عملدرآمد نہیں کرتے ، جو ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے ۔ شہری و سماجی حلقوں نے اس پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔